سابق کپتان و ٹیم ڈائریکٹر "سعود شکیل” کی کپتانی کے گُن گانے لگے

0 4

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کے فائنل میں رسائی حاصل کرنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹیم ڈائریٹر اور سابق کپتان سرفراز احمد نے پریس کانفرنس میں ٹیم کی کارکردگی اور کامیابی پر اظہارِ خیال کیا۔

سرفراز احمد نے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہم فائنل تک پہنچے۔ ٹیم نے آج بہت عمدہ کارکردگی دکھائی اور ایک اہم میچ جیتا۔”

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سیزنز میں کوئٹہ کی کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی تھی لیکن اس سال ٹیم نے نمایاں بہتری دکھائی۔

سرفراز احمد نے کہا کہ خاص طور پر کپتان سعود شکیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سیزن سعود شکیل نے بہترین کپتانی کی اور ٹیم کو اعتماد دیا۔

سابق کپتان نے تسلیم کیا کہ ٹیم کی تشکیل ایک چیلنجنگ مرحلہ تھا، ٹیم ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ اس سیزن ہمیں اسکواڈ بنانے میں مشکلات کا سامنا رہا، کیونکہ اسکواڈ میں کئی اچھے اور امپیکٹ فل کھلاڑی شامل تھے، جس کی وجہ سے پلئنگ الیون کا انتخاب مشکل ہوا۔

فیلڈنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم کی فیلڈنگ نے میچ جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اگرچہ نوجوان وکٹ کیپر حسیب اللہ سے کچھ چانسز ضائع ہوئے لیکن سرفراز نے ان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پریشر میں ایسا ہو جاتا ہے، مگر حسیب اللہ ایک باصلاحیت کھلاڑی ہے اور مستقبل میں سیکھے گا۔

سرفراز نے پاک بھارت کشیدگی کے بعد پی ایس ایل کی بحالی پر پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) اور لیگ انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا، پی سی بی اور پی ایس ایل منیجمنٹ نے لیگ کو دوبارہ منظم کرنے میں بہترین کردار ادا کیا۔

اسلام آباد یونائٹیڈ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے سرفراز نے کہا کہ ان کے پاس ایک متوازن اسکواڈ تھا اور وہ ایک مضبوط حریف ثابت ہوئے۔

سرفراز احمد نے فائنل کی تیاری کے حوالے سے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کھلاڑی ایک دن آرام کریں اور پھر فائنل کے لیے بھرپور تیاری کریں۔ اگر بارش ہو جائے اور ہمیں فائدہ ملے تو وہ بھی اللہ کی طرف سے ہوگا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.