پی ایس ایل 9، سکیورٹی اور مارکیٹنگ سمیت دیگر معاملات پر اہم اجلاس
چیئرمین پی سی بی کی زیر صدارت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کی تیاریوں سے متعلق اہم اجلاس میں سکیورٹی اور مارکیٹنگ سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حکومتی ذمہ داریوں کے باوجود محسن نقوی کی اولین ترجیح پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد ہے، اس سلسلے میں پی ایس ایل کی سکیورٹی کے حوالے سے قذافی اسٹیڈیم میں اہم اجلاس بلایا گیا۔
پی ایس ایل سے متعلق اجلاس میں سی ای او پی سی بی سلمان نصیر، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ اور پی ایس ایل کی انتظامیہ سمیت مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ کے حکام بھی شریک ہوئے۔
پی ایس ایل حکام نے چیئرمین پی سی بی کو پی ایس ایل 9 کے اخراجات کے حوالے سے بریف کیا، جس کے بعد چیئرمین پی سی بی نے پی ایس ایل کے اخراجات کی تفصیلات طلب کر لیں۔
پی سی بی حکام کی جانب سے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور ٹرافی کی رونمائی کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی کو بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران چیئرمین پی سی بی نے پی ایس ایل کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت دیں،چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پی ایس ایل کی بھر پور تشہیری مہم چلانے کے بھی احکامات جاری کیے۔