نیوز ی لینڈ نے جنوبی افریقا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہرا دیا

0 104

کین ولیم سن کی شاندار ناقابل شکست سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں نہ صرف 7 وکٹوں سے شکست دے دی بلکہ مشن کلین سویپ بھی مکمل کرلیا۔

میچ کا فیصلہ چوتھے روز ہی ہوگیا ، کیوی ٹیم نے جنوبی افریقا کی طرف سے ملنے والا 267 رنز کا ہدف چوتھے روز 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

کین ولیم سن ناقابل شکست 133 اور ویل ینگ ناقابل شکست 60 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ نیوزی لینڈ کے ولیم اورورکے کو شاندار بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے میچ کے چوتھے روز اپنی دوسری ادھوری اننگز 40 رنز ایک کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو ٹام لیتھم 21 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ ٹام لیتھم اپنے گزشتہ روز کے انفرادی سکور میں 9 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد ڈین پیڈٹ کی گیند پر زبیر حمزہ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

راچن راویندرا نیوزی لینڈ کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 20 رنز بناکر ڈین پیڈٹ کی گیند پر کپتان نیل برانڈ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے ۔

کین ولیم سن اور ویل ینگ نے انتہائی محتاط انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی سکور کو آگے بڑھاناشروع کیا ، اس دوران کین ولیم سن نے نہ صرف اپنی ناقابل شکست سنچری اور ویل ینگ نے ناقابل شکست نصف سنچری مکمل کرلی بلکہ اپنی ٹیم کو جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں فتح سے بھی ہمکنار کرایا۔

دونوں کھلاڑیوں کی 152 رنز کی شاندار پارٹنرشپ کی بدولت نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کی طرف سے ملنے والا 267 رنز کا ہدف چوتھے روز نہ صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیابلکہ پروٹیز ٹیم کو دو میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کر دیا۔کین ولیم سن ناقابل شکست 133 اور ویل ینگ ناقابل شکست 60 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.