آسٹریلیا کیخلاف پاکستان ٹیم مشکلات کا شکار، 70 رنز پر چار وکٹیں گر گئیں
میلبرن میں کھیلے جا رہے پہلے پاک آسٹریلیا ون ڈے میچ میں پاکستان کی بیٹنگ مشکلات کا شکار ہے اور 4 کھلاڑی 70 رنز پر آؤٹ ہوچکے ہیں۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ صائم ایوب ا اپنا ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو یادگار نہ بنا سکے اور صرف ایک رن پر مچل اسٹارک کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔ 24 کے مجموعی اسکور پر عبداللہ شفیق بھی اسٹارک کی وکٹ بن گئے۔
اس موقع پر سینئر بیٹر بابر اعظم اور محمد رضوان نے کریز سنبھالی اور بابر اعظم نے چند اچھے شاٹس کھیلے لیکن بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے۔ انہیں 37 کے انفرادی اسکور پر زمپا نے بولڈ کر دیا۔ کامران غلام کا شکار کینگرو کپتان پیٹ کمنز نے کیا۔ انہوں نے 5 رنز بنائے۔
اس وقت کریز پر کپتان محمد رضوان 16 رنز کے ساتھ موجود ہیں اور انہیں نائب کپتان سلمان علی آغا نے جوائن کیا ہے۔ پاکستاسن کا اسکور 20 اوورز میں 4 وکٹوں 72 رنز ہے۔
آج پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور عرفان خان نیازی نے ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا ہے۔ سابق قومی کپتان وسیم اکرم نے دونوں کھلاڑیوں کو ڈیبیو کیپ دی۔
میلبرن میں کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے پاکستانی شائقین کے لیے الگ فین زون بنایا گیا ہے جہاں پاکستانی سپورٹر باجے تاشوں کے ساتھ اسٹیڈیم میں آئے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان اور آسٹریلوی کپتانوں محمد رضوان اور پیٹ کمنز نے ون ڈے سیریز ٹرافی کی رونمائی کی اور ٹرافی کے ہمراہ تصاویر بنوائیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلنے آسٹریلیا کی مہمان بنی ہے۔ دوسرا میچ 8 نومبر کو ایڈیلیڈ میں جب ک تیسرا اور آخری میچ 10 نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔ تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہوں گے۔
دوسری جانب آسٹریلیا میں گرین شرٹس کا ریکارڈ خراب ہے اور پاکستان ٹیم کینگروز کو ان کی سر زمین پر صرف ایک ہی ون ڈے سیریز ہرا سکی ہے۔
ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں بھی آسٹریلیا کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں نے 104 میچز کھیل رکھے ہیں جس میں کینگروز نے 70 کامیابیاں سمیٹی ہیں جب کہ پاکستان کے ہاتھ 34 فتوحات آئی ہیں۔