تیسرا ون ڈے: پاکستان کیخلاف آسٹریلیا کی ٹیم مشکلات کا شکار، 7 کھلاڑی آؤٹ
3 ون ڈے میچز کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن معرکے میں آسٹریلیا کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے، میزبان ٹیم مشکلات کا شکار ہے جبکہ اس نے اب تک 7 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنالیے۔
پاک آسٹریلیا ون ڈے سیریز کے تیسرے ٹاکرے کے لیے پرتھ میں میدان سج گیا، جہاں تین میچز کی سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ آج کھیلا جارہا ہے، جس کا ٹاس پاکستان نے جیتا اور پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔
پاکستان کی دعوت پر آسٹریلیا کی جانب سے میتھو شارٹ اور جیک فریزر میک گرک نے اننگز کا آغاز کیا، آسٹریلوی اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی تاہم 20 کے مجموعی اسکور پر جیک فریزر میک گرک 7 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے۔
اس کے بعد آسٹریلیا کو 36 رنز پر دوسرا نقصان اٹھانا پڑا، آرون ہارڈی محض 12 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آغا سلمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
36 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان جوش انگلس نے میتھو شارٹ کے ساتھ مل کر مزاحمت کی کوشش کی جو کامیاب نہ ہوسکی اور محض ٹیم کے اسکور میں 20 رنز کے اضافے کے بعد 56 کے اسکور پر آسٹریلیا کو 3 تیسرا نقصان اٹھانا پڑا۔
کپتان جوش انگلس صرف 7 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 72 رنز گری، جب میتھو شارٹ 22 رنز بناکر حارث رؤف کا شکار بنے، میچ کے دوران ہاتھ پر گیند لگنے کے سبب کوپر کونولی7 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔
اس کے بعد میکسویل کریز پر آئے لیکن وہ صرف 2 گیندوں کے ہی مہمان ثابت ہوئے اور 79 کے اسکور پر گلین میکسویل بغیر کوئی رن بنائے اپنی وکٹ حارث رؤف کو تھما بیٹھے۔
آسٹریلیا کا اسکور 88 تک پہنچا تو مارکس اسٹوئنس بھی صرف 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، وہ محمد حسنین کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد شان ایبٹ اور ایڈم زمپا نے ٹیم کی کمان سنبھالی اور مزاحمت کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور میں 30 رنز کا اضافہ کیا تاہم 118 کے مجموعی اسکور پر آسٹریلیا کو 7 واں نقصان اٹھانا پڑا، ایڈم زمپا 13 رنز بناکر نسیم شاہ کا شکار ہوئے۔
اس وقت آسٹریلیا نے 29 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنالیے، شان ایبٹ 23 اور اسپینسر جانسن 4 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 3، حارث رؤف نے 2 جبکہ شاہین آفریدی اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔