’سیاست اور جرائم میں فرق کرنا چاہیے، عمران کے جرائم کی معافی پر مذاکرات پر سب سے بڑھ کر تنقید کروں گا‘

0 79

پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے جرائم کی معافی پر مذاکرات پر سب سے بڑھ کر تنقید کروں گا۔

میڈیا سے گفتگو میں ملک احمد خان کا کہنا تھاکہ حکومت اورپی ٹی آئی مذاکرات پر میرا مؤقف واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست اور جرائم میں فرق کرنا چاہیے، مذاکرات میں جرائم پر بات ہو رہی ہے تو میں سب سے بڑا ناقد ہوں، ہمیں سیاست کا دائرہ تبدیل کرنا ہے اور کچھ حدود متعین کرنی ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ گھر کو جلانا سیاسی حق نہیں، بانی پی ٹی آئی کے جرائم کی معافی پر مذاکرات پر سب سے بڑھ کر تنقید کروں گا، وہ گناہ جن کا ازالہ نہیں ہوا کسی صورت ماننے کو تیار نہیں، ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی آزادی اظہار رائے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہمارا اچھا ورکنگ ریلیشن ہے، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری لائی جارہی ہے۔

ملک محمد احمد خان کا کہنا تھاکہ صوبے کے انفرا اسٹرکچر میں بہتری لائی جارہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عوام کی فلاح کیلئے بہت کام کر رہی ہیں اور پنجاب میں حکومت کی موجودگی واضح طور پر محسوس ہو رہی ہے۔

خیال رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے دو دور ہوچکے ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.