جماعت اسلامی کا کراچی میں پانی کی قلت کیخلاف دھرنا

پیپلز پارٹی عوام سے سیاسی انتقام نہ لے، امیر جماعت اسلامی کراچی

0 90

کراچی (شوریٰ نیوز)جماعت اسلامی کی جاری حقوق کراچی تحریک کے سلسلے اور شہر بھر میں پانی کی شدید قلت و بحران، غیر منصفانہ تقسیم، پانی چوروں و ٹینکر مافیا اور غیر قانونی ہائیڈرینٹ کی سرکاری سرپرستی کے خلاف شاہراہ فیصل واٹر بورڈ ہیڈ آفس پر احتجاجی دھرنا دیا گیا۔دھر نے میں شہر بھر سے سندھ حکومت و واٹر بورڈ کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کے باعث سخت گرمی میں پانی کی قلت کے شکار عوام بڑی تعداد میں شرکت کی اور سندھ حکومت و قبضہ میئر کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا۔انہوں نے پرجوش نعرے لگائے اور بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا کر مطالبہ کیا کہ کراچی کے ساتھ ظلم و زیادتی بند کی جائے،پیپلز پارٹی اہل کراچی سے سیاسی انتقام نہ لے پانی دے۔امیر جماعت اسلامی کراچی نے دھرنے کے شرکاء سے ابتدائی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی کے عوام سے سیاسی انتقام نہ لے،اہل کراچی کو پانی دیا جائے، کے فور منصوبہ، ایس تھری منصوبہ، گجر نالہ پروجیکٹس فی الفور مکمل کیے جائیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پانی چوروں، ٹینکر مافیا اور غیر قانونی ہائیڈرینٹ کی سرکاری سرپرستی ختم کی جائے، اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل اجلاس بلایا جائے اور پانی کی منصفانہ تقسیم کا سسٹم بنایا جائے۔ پیپلز پارٹی نے 15سال میں کراچی کے لیے ایک گیلن پانی کا اضافہ نہیں کیا، عبد الستار افغانی نے حب ڈیم سے کراچی کے لیے پانی کا انتظام کیا تھا پھر نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ نے K-3منصوبہ مکمل کیا۔کے فور منصوبے کے تحت 650ملین گیلن یومیہ کراچی کو ملنا چاہیئے تھا لیکن وہ آج تک نہیں مل سکا۔ کے فور میں کٹوتی کر کے پانی آدھا کر دیا ہے لیکن وہ بھی تاحال مکمل نہیں کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.