پاکستانی ڈیویلپرزکا عالمی سطح پر ایپ ڈاؤن لوڈنگ میں 16و اں نمبر
گوگل کے ایونٹ میں پورے ملک سے 500 سے زائد ڈیویلپرز شریک ہوئے
لاہور(شوریٰ نیوز) پاکستانی ڈیویلپرزکا عالمی سطح پر ایپ ڈاؤن لوڈنگ میں 16و اں نمبر ،گوگل کے ایونٹ میں پورے ملک سے 500 سے زائد ڈیویلپرز شریک ہوئے،گوگل نے کہا ہے کہ گیمنگ اور ایپس کے میدان میں پاکستان تیزی سے ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے طور پر سامنے آیا ہے۔گوگل کے زیراہتمام، ایپس اور گیمز حوالے سے ملک کا پہلا اور سب سے بڑا آف لائن ایونٹ، تھنک ایپس لاہور میں منعقد ہوا۔اس ایونٹ میں پورے ملک سے کاروباری اور صنعتی رہنماؤں کے علاوہ 500 سے زائد ڈیویلپرز شریک ہوئے ۔ ایونٹ کا مقصد پاکستان میں تیار کردہ ایپس اور گیمز کودنیا کے سامنے پیش کرنے کا طریقہ سیکھنا تھا۔یہ ایونٹ تھنک گیمز اور گیمنگ گروتھ لیب سے متعلق ہے جو گزشتہ برس پاکستان میں پہلی مرتبہ منعقد کیے گئے تھے۔ ان ایونٹس کے ذریعے گوگل نے 1600 سے زائد ڈیویلپرز کے ساتھ کام کیا اور50 ایسے گیمنگ اسٹوڈیوز کی تربیت کر کے انہیں عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنایا جو ابتدائی مرحلے میں تھے۔گوگل نے 5,000سے زائد کلاؤڈ ڈیویلپرز اور 3,000 سے زائد اینڈرائیڈ ڈیویلپرز کو، کمیونٹی کی قیادت میں چلنے والے پروگرامز، مثلاً کلاؤڈ سیکھوایس5 اور اینڈرائیڈ سیکھو ایس 2 کے ذریعے صلاحیت میں اضافہ کرنے میں بھی مدد کی۔پاکستان عالمی گیمنگ اور ایپ مارکیٹ میں مضبوطی سے قدم جما رہا ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران، ایپس کی بین الاقوامی معیشت میں پاکستان کی پوزیشن میں نمایاں بہتری آئی ہے اور پاکستان کے ڈیویلپرز، ایپ ڈاؤن لوڈ کے لحاظ سے، سنہ 2023ء میں 16ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ سنہ 2018ء میں 27ویں پر تھے۔