شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی عملی جدوجہد کا استعارہ ہیں، علامہ شیخ ناصری

0 66

نمائندہ آیت اللہ العظمٰی شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) و سربراہ شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم ایک ایسے مردِ مجاہد کی یاد منا رہے ہیں، جس نے اپنی ساری زندگی اسلام، ملت اور مظلوموں کی خدمت کے لیے وقف کئے رکھی۔ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی محض ایک نام نہیں،ایک عقیدہ، ایک تحریک بلکہ عملی جدوجہد کا استعارہ ہیں۔ وہ امام خمینیؒ کے نقشِ قدم پر چلنے والے سچے پیروکار اور راہِ شہادت کے راہی تھے، جنہوں نے نہ صرف فکرِ انقلاب کو پروان چڑھایا بلکہ اپنے کردار سے ایک بصیرت مند، مخلص اور وفادار نسل کی تربیت کی۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی زندگی قربانی، اخلاص اور جدوجہد سے عبارت تھی۔ وہ ان لوگوں میں سے تھے جو الفاظ سے زیادہ عمل پر یقین کے قائل ہوتے ہیں، جن کے لیے اسلام محض ایک نظریہ نہیں، بلکہ ایک زندہ حقیقت ہوتی ہے اسی لیے وہ اسلام کے نفاذ کے لیے آخری لمحے تک سرگرمِ عمل رہے۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ وہ ایک ایسے رہنما تھے جنہوں نے نہ صرف اپنی ذات کو مکمل طور پر اسلام کے سانچے میں ڈھالا بلکہ زندگی کا ہر لمحہ دین اور خلقِ خدا کی خدمت میں بسر کیا۔ ان کے بتائے ہوئے اصول ہردور کیلئے افراط و تفریط سے پاک ایک متوازن اور انقلابی راستہ ہیں، اور یہی راستہ ہمیں اپنی موجودہ مشکلات میں روشنی اور راہنمائی فراہم کر سکتا ہے۔ہم شہید کے مشن کے وارث ہیں، اور ہمیں اس مشن کو آگے بڑھانے کا عزم کرنا ہوگا۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نے جوانوں کے دلوں میں عشقِ اسلام، حب الوطنی اور شعورِ مقاومت کی شمعیں روشن کیں اور آج بھی ان کی فکر ، نور حق کے متلاشیوں کے لیے مشعل راہ ہے۔اس اہم ترین موقع پر میں تمام محبانِ شہید، ملتِ اسلامیہ اور ان کے مشن کے ساتھیوں کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کے پاکیزہ لہو کو امت کی بیداری کا سبب بنائے۔آج ہمیں شدید ضرورت ہے کہ ہم شہید نقوی کی شخصیت اور ان کے مشن کو دوبارہ زندہ کریں۔خداوند قدوس شہید کو جوارِ معصومین علیھم السلام میں جگہ دے اور ہمیں ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا کرے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.