یومِ آزادی کے حوالے سے لاہور پولیس الرٹ

0 73

لاہور (شوریٰ نیوز) کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت کے مطابق یوم ِ آزادی پر لاہور پولیس کی ون ویلنگ،اسلحہ کی نمائش اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔سربراہ لاہور پولیس نے بتایا کہ رواں سال اب تک ون ویلنگ کے1797مقدمات درج کر کے 1797ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور کینٹ ڈویژن میں 307مقدمات، سول لائنز میں 307، سٹی ڈویژن میں 523، اقبال ٹاؤن میں 218، صدر میں 180 اورماڈل ٹاؤن میں 262مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ جبکہ ناجائز اسلحہ کے5036مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے بتایاکہ گرفتار ملزمان سے 51کلاشنکوف،313رائفلز،205گنز،4379پسٹلز اور58462گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔اسلحہ کی نمائش کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 225مقدمات درج کئے گئے ہیں۔گرفتار ملزمان سے 03کلاشنکوف، 22رائفلز، 11گنز، 77پسٹلز برآمد کئے گئے ہیں۔ سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ نے کہاکہ یومِ آزادی پرہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، ہلڑبازی،روڈ بلاک اور ریسنگ کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی۔ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ،ہلڑبازی روکنے کیلئے خصوصی سکواڈ تشکیل، مختلف مقامات پر ناکے لگائے جائیں گے۔یومِ ِ آزادی پر فیملیزکو تنگ کرنے کی صورت میں شر پسندوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ سی سی پی او نے کہاکہ اہل لاہور یوم آزادی پر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.