اسلام آباد(شوریٰ نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے سمری پر دستخط کیے جانے کے بعدبلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما انوار الحق کاکڑ نگران وزیراعظم بن گئے۔وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کا دوسرا دور ہوا۔ اس سلسلے میں قائد حزب اختلاف راجا ریاض آج وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور دونوں کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام سے متعلق مشاورت کی گئی۔وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگراں وزیراعظم کے تقرر سے متعلق حتمی مشاورتی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوا، جس کے مطابق انوار الحق کاکڑ کے بطور نگراں وزیراعظم نام پر اتفاق کیا گیا۔یاد رہےبلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر انوار الحق کاکڑ 2018 میں سینیٹر منتخب ہوئے اور وہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سمندر پار پاکستانی کے چیئرمین ہیں۔انوار الحق کاکڑ صوبہ بلوچستان سے ایوان بالا (سینیٹ) کے نومنتخب رکن ہیں۔ کاکڑ قبیلے کی ذیلی شاخ سنٹیا سنزر خیل سے انوار الحق تعلق رکھتے ہیں۔ وہ 1974ء کو بلوچستان کے علاقے کان مہترزئی کے گاؤں سرہ خلہ میں پیدا ہوئے۔ انکے دادا ڈاکٹر نور الحق، خان قلات میر احمد یار خان کے دور میں شاہی معالج تھے۔ انوار الحق کاکڑ 2013ء کے عام انتخابات میں امیدوار بھی رہے، تاہم صوبائی و قومی اسمبلی کی نشست جیتنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کوئٹہ اور کوہاٹ سے حاصل کی ہے۔ بعدازاں فلسفے میں ماسٹرز کی ڈگری جامعہ بلوچستان سے حاصل کی۔ مری معاہدے کے تحت بلوچستان میں وزارت اعلٰی کی تبدیلی کے بعد نواب ثناء اللہ زہری کیجانب سے انہیں صوبائی حکومت کا ترجمان مقرر کیا گیا تھا، پھر انہوں نے میر عبدالقدوس بزنجو کے وزیراعلٰی منتخب ہونیکی حمایت کی۔ بعدازاں صوبہ بلوچستان کے نومنتخب وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے انہیں مشیر برائے اطلاعات و ترجمان بلوچستان حکومت کا عہدہ سونپ دیا۔