پاکستان اقبالؒ کے ویژن اور قائدؒ کی محنت کا نتیجہ ہے، سینیٹر رانا مقبول احمد
اقبال اکادمی پاکستان و ایوان اقبال کمپلیکس کے زیر اہتمام جشن آزادی کے سلسلہ میں ایوان اقبال کمپلیکس میں خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت سینیٹر رانا مقبول احمد نے کی۔ تقریب سے خطاب میں سینیٹر رانا مقبول احمد نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال جیسی بااثر شخصیت دیکھنے میں بہت کم ملتی ہیں۔ علامہ کے کلام کو ہر تعلیمی سطح پر نصاب کے لازمی جزو کی حیثیت میں پڑھایا جانا چاہیے۔ ہم علامہ محمد اقبال کو تب ہی سمجھیں گے جب خود پر وارد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کے کلام میں انقلاب کا پیغام بھی ملتا ہے۔ رانا مقبول احمد نے اقبال کی آفاقی فکر کو سمجھنے اور اسکی روشنی میں معاشرے کی اصلاح کیلئے ایک پروفیشنل ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علامہ اقبال کے وژن اور قائد اعظم محمد علی جناح کی محنت کا نتیجہ ہے۔ تقریب میں مہمان خصوصی ائیر وائس مارشل (ر) انور محمود (ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز)، اور مہمان اعزاز صدر شعبہ اردو، جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر صائمہ ارم تھیں۔ ائیر وائس مارشل (ر) انور محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ محمد اقبال کی شاعری قرآن و احادیث سے ہے۔ تعلیم کے میدان میں بھی ہم پیچھے ہیں۔ علامہ کی تعلیمات کو عملی جامہ پہنائیں گے تو پاکستان ترقی کرے گا۔ پروفیسرصائمہ ارم نے کہا کہ علامہ اقبال کی فکر کو فلسفہ حیات کے طور پر دیکھنا چاہیے۔ علامہ کے کلام لا الہ سے سفر شروع کرنا ہوگا۔ محمد نعمان چشتی نے کہا کہ پاکستان انھیں جغرافیائی سرحدوں پر قائم ہے جو ۰۳۹۱ء میں علامہ اقبال نے مقرر کی تھیں۔ تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان جناب انجم وحید نے اظہار تشکر پیش کیا اور معزز مہمانوں کی خدمت میں شیلڈز، اکادمی کی کتب کے تحائف پیش کیے۔ اس موقع پر لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات نے سیمینار میں خصوصی شرکت کی۔