وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آئی ٹی کمپنیوں کی جانب سے 700 ملین ڈالر سرمایہ کاری کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون کا یقین دلا دیا۔
وزیرِاعظم سے پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فورم 2025 میں شرکت کرنے والی معروف آئی ٹی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداران نے وزیرِاعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
سرمایہ کاروں اور کاروباری رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی ڈیجیٹل معیشت میں بڑی تبدیلی کا آغاز کر رہا ہے، پاکستان میں کمپنیوں کی جانب سے 700 ملین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان کی صلاحیتوں پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کی پذیرائی کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے ٹیکنالوجی، فنانس اور جدت کا علاقائی مرکز بننے کے پاکستان کے وژن کو اجاگر کیا، مندوبین کو جاری ریگولیٹری اصلاحات، مالیاتی ترغیبات اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر سرمایہ کاری کے بارے میں بتایا، نوجوانوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کیلئے جاری حکومتی کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون کا یقین دلایا اور طویل مدتی، باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، بین الاقوامی شہرت یافتہ آئی ٹی ایگزیکٹوز کو پاکستانی نوجوانوں کو مستقبل کی ٹیکنالوجی پر مبنی ملازمتوں کیلئے تیار کرنے کیلئے اے آئی اور ڈیٹا سائنس کی تعلیم کے اقدامات پر تعاون کی حکومتی خواہش سے آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والوں میں روسفٹ کے جبار رحیم خان نے 500 ملین ڈالر ، sAi وینچر کیپیٹل کے طحہ نسیم اور احسن جمیل نے 100 ملین ڈالر ، مشرق بینک کے فرنینڈو موریلو اور محمد ہمایوں سجاد نے 30 ملین ڈالر اور Mindhyve.ai کے بلال کمال فارقی نے 22 ملین ڈالر کی سر مایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ اور اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔