مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابر بھی نہیں ہے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، عالمی مارکیٹ کے مطابق صرف اپریل میں فی لیٹر 20 روپے کمی ہونی چاہیے تھی، حکومت نے اپریل میں دو بار تیل کی قیمتوں میں کمی معطل کر کےعوام کو ریلیف سے محروم کیا۔
انہوں نے کہا کہ حقیقت میں حکومت ریلیف دینے میں سنجیدہ نہیں، خام تیل کی قیمتیں بانی پی ٹی آئی کے دور سے بھی کم ہو چکی ہیں۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں پٹرول 150 روپے فی لیٹرتھا، عوام کو ریلیف دینے والا واحد لیڈر عمران خان ہے۔