ترکیہ پاکستان کے دیرینہ دوست کے طور پر اپنا کردار ادا کرنےکو تیار ہے، اردوان

0 7

ترک صدر رجب طیب اردوان نےکہا ہےکہ ترکیہ پاکستان کے دیرینہ دوست کے طور پر اپنا کردار ادا کرنےکو تیار ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں وزیراعظم نے بھارتی جارحیت کے بعد ترکیہ کی پاکستان کے ساتھ یکجہتی کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے بھارت کے میزائل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کی خودمختاری پر حملے نے جنوبی ایشیا میں امن خطرے میں ڈال دیا ہے، بھارت کا یہ بزدلانہ حملہ ناقابل قبول ہے۔

صدر اردوان نے پاکستانی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہارکیا اور جنوبی ایشیا میں امن کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہا۔

ترک صدر نے پاکستانی عوام کے ساتھ ترکیہ کی یکجہتی کا اعادہ کیا اور کہا کہ ترکیہ صورتحال کی کشیدگی کم کرنےکی حمایت کرتا ہے، ترکیہ پاکستان کے دیرینہ دوست کے طور پر اپنا کردار ادا کرنےکو تیار ہے، ترک قوم پاکستان کے سفارتی اقدامات کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پوری قوت کے ساتھ خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پہلگام واقعے میں پاکستان کو ملوث کرنےکی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت نے غیرجانبدار اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کا جواب نہیں دیا، بھارت نے جارحیت اورغیرذمہ دارانہ ریاستی رویےکا خطرناک راستہ اختیار کیا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.