پی ایس ایل: پاک بھارت کشیدگی کے بعد بقیہ میچز کے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز

0 5

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے بقیہ میچز کے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز آج سے ہوگیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج 17 سے 25 مئی تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جانے والے HBL PSL X کے بقیہ آٹھ میچز کے ٹکٹوں کی تفصیلات کا اعلان کر دیا۔

پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کا آغاز 17 مئی سے ہوگا جبکہ ایونٹ کا فائنل 25 مئی کو لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے۔

پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق لیگ میچز اور پلے آف کے ٹکٹ pcb.tcs.com.pk اور نامزد ٹی سی ایس ایکسپریس مراکز سے بھی خریدے جا سکتے ہیں۔

فزیکل ٹکٹوں کو ٹی سی ایس کے نامزد ایکسپریس مراکز پر ذاتی طور پر واپس کرنے کی ضرورت ہوگی۔ رقم کی واپسی کی تاریخ کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کشیدہ حالات کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوبارہ آغاز پر زیادہ شائقین کرکٹ کی آمد متوقع ہے۔

واضح رہے کہ وہ شائقین جنہوں نے 8 مئی کو پشاور زلمی بمقابلہ کراچی کنگز، 9 مئی پشاور زلمی بمقابلہ لاہور قلندرز اور 10 مئی کو اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کراچی کنگز کے میچز کے ٹکٹ خریدے تھے اب وہ انہی ٹکٹوں کو بالترتیب 17، 18 اور 19 مئی کے میچز کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 18 مئی کو ڈبل ہیڈر ڈے ہونے کی وجہ سے دونوں میچوں میں شرکت کے لیے 9 مئی کا ٹکٹ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

جن شائقین نے ایلیمینیٹر 1، 2 اور فائنل کے ٹکٹ خریدے ہیں وہ متعلقہ میچوں کی نئی اعلان کردہ تاریخوں کے مطابق انہیں استعمال کر سکتے ہیں۔

شائقین 5 اور 10 مئی کو ملتان میں ہونے والے مقابلوں اور راولپنڈی میں پہلے کے شیڈولڈ کوالیفائر کا مکمل ریفنڈ حاصل کر سکتے ہیں۔ آن لائن اور کارپوریٹ ریفنڈ بکنگ کے وقت استعمال کیے گئے اکاؤنٹس میں منتقل کیے جائیں گے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.