بھارت کو جہاز دینے والی کمپنی کہہ رہی ہے پائلٹ پاک فضائیہ کا تربیت یافتہ ہونا چاہیے: گورنر سندھ

0 8

حیدرآباد: گورنرسندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ جس کمپنی نے انڈیا کو جہاز دیے وہ کہہ رہے ہیں اب انہیں پائلٹ کے بغیر جہاز نہیں دیں گے۔

سی ایم ایچ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ شہادتوں کا جذبہ ہمارے جوانوں میں موجود ہے، اللہ نے ہمیں پوری دنیا اور خاص طور پر اس خطے میں سرخرو کیا، ہمارے فوجی جوانوں نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب بھارت ایسی حرکت نہیں کرے گا، نہ اس بارے میں سوچے گا، ہماری فوج نے جو تھپڑ رسید کیا ہے وہ پوری دنیا نے دیکھا ہے، ہمارے زخمی جوانوں کے چہروں پر مسکراہٹ ہے، ہمارے زخمی جوانوں کو غم نہیں کہ وہ زخمی ہوئے، انہیں غم ہے کہ وہ شہید کیوں نہیں ہوئے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج پاکستان کے پاسپورٹ اور پاکستانیوں کی عزت میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے، ہمیں اس بات پر نظر رکھنی ہوگی کہ یہ رات میں حملہ کیوں کیا گیا، ہمارے پاس وسائل کم تھے لیکن یہ جنگ ہم حوصلے سے جیتے ہیں، مودی نے یہ حملہ ناسمجھی میں نہیں کیا، اس کے پیچھے لمبی سوچ اور سازش تھی،اس سازش کے تانے بانے بلوچستان اورکے پی میں دہشتگردی سے ملتے ہیں۔

گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو میں یہ بھی کہا کہ یہ جذبہ پاکستان سے دہشت گردی کو ختم کردے گا، ہماری 80 ہزار شہادتوں کے بعد ہم پر جنگ مسلط کی جارہی تھی، ہم نے بھارت کو کرارا جواب دے دیا ہے، یہاں فورسز کا جذبہ ہے تو قوم کا جذبہ بھی ہے، کوئی منصوبہ ساز کوئی منصوبہ بنانے سے پہلے سوچ لے ہم نے کیا کیا ہے، میں امریکی صدر کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں،جنہوں نے ثالثتی کی۔

آئی ایم ایف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ہماری قوم کا ہر شخص آئی ایم ایف کے قرضے سے آزاد ہوگا،آئی ایم ایف کی شرائط ختم کرنے کے لیے ہمیں قرض اتارنا ہوگا، حافظ عاصم منیر اس ملک کا قرض اتاریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس کمپنی نےانڈیا کو جہاز دیے وہ کہہ رہے ہیں اب انہیں پائلٹ کے بغیر جہاز نہیں دیں گے، کمپنی کہہ رہی ہے انڈیا کو جہاز دیں گے تو اس کے پائلٹ کی پاکستانی پائلٹ سے تربیت ہونی چاہیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.