چترال میں جاری کیلاش قبیلے کا تین روزہ قدیم مذہبی اور ثقافتی تہوار ’’چلم جوشی‘‘ اپنی تمام تر رنگینیوں اور عقیدت کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔
چلم جوشی تہوار وادی کالاش کی تہذیب، خوشی، ہم آہنگی اور فطرت سے محبت کی علامت بن چکا ہے، جو ہر سال ہزاروں لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔
سالانہ چلم جوشی فیسٹول 13 سے 17 مئی 2025 تک وادی کیلاش کی تینوں خوبصورت وادیوں رمبور، بمبوریت اور بریر میں منایا گیا، تہوار کا آغاز رمبور وادی میں رسم ورواج سے ہوا، دوسرے مرحلہ میں وادئ بمبوریت میں سرگرمیاں جاری رہیں، آخری مرحلہ میں بریر وادی میں یہ خوبصورت تہوار رعنایوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔
تہوار کو دیکھنے کیلئے 170 سے زائد غیر ملکی سیاحوں نے وادئ کالاش کا رخ کیا، ان میں فرانس، جرمنی، امریکا، آسٹریلیا، اٹلی، سوئٹزرلینڈ، روس، جاپان، چین، یونان، تائیوان، جنوبی کوریا، انگلینڈ، ہالینڈ، ملائشیا، انڈونیشیا اور رومانیہ سے تعلق رکھنے والے سیاح شامل ہیں۔
تہوار کیلئے مقامی پولیس کے ساتھ ساتھ فرنٹیئر کور نارتھ نے بھی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے۔
سیاحوں کا کہنا ہے کہ وادئ کیلاش کی قدرتی خوبصورتی کے ساتھ چلم جوشی تہوار ان کیلئے خوشگوار یادوں کا مجموعہ بن گیا ہے۔