پاک بھارت سیز فائر کے بعد پاکستان اور چین کی پہلی اعلیٰ سطح کی ملاقات آج ہوگی۔
چین کی دعوت پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار چینی ہم منصب وانگ ای سے ملاقات کے لیے بیجنگ روانہ ہوگئے ہیں جب کہ ان کے ہمراہ وفد میں نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق بھی شامل ہیں۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی آج چینی ہم منصب وانگ ای سے ملاقات میں پاک چین دو طرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا جائے گا۔
اس کے علاوہ پاکستان،چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ بیجنگ میں ملاقات بھی کریں گے، اس کے لیے افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی بھی کل چین پہنچیں گے۔
چین روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ چین سے حالیہ پاک بھارت کشیدگی سمیت علاقائی اور عالمی امور پر بات ہوگی۔