خضدار واقعے کے درندوں کو غاروں سے نکال کر مارینگے: عسکری حکام

0 101

عسکری حکام کا کہنا ہے کہ خضدار واقعے کے درندوں کو نہیں چھوڑیں گے اور انہیں غاروں سے نکال کر ماریں گے معصوم بچوں کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

ایوان صدر میں پاکستان کی عسکری قیادت کے ذرائع نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی خضدار کے درندوں پر میزائل مارے جار رہے ہیں، پاکستان میں دہشتگردوں کا خاتمہ کریں گے۔

عسکری حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف جنگ میں بری، بحری اور فضائیہ نے قوم کا سر فخر جس طرح بلند کیا، جس طرح غزوہ بدر میں اللہ کی مدد شامل حال تھی، اسی طرح بھارت کے خلاف جنگ میں پاکستان کے لیے بھی اللہ تعالیٰ کی مدد شامل حال رہی۔

غزوہ بدر میں 313 مجاہدین نے اپنے سے عددی طور پر بڑے دشمن کو شکست دی تھی، آپریشن بنیان مرصوص میں بھی جوان دشمن کے آگے سیسہ پلائی دیوار بنے اور قوم کی مدد سے بھارت کو شکست دی، سیز فائر کی درخواست بھارت نے کی اور جنگ بندی کے لیے اُس نے جو ترلے کیے، وہ بتا نہیں سکتے۔

عسکری حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کیخلاف جنگ میں قوم کی یکجہتی کا مثالی نمونہ دیکھا، ایسا اتحاد ماضی میں کبھی دیکھنے کو نہیں ملا، اب دشمن کبھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکے گا، پاکستان نے ایسا کام کیا کہ بھارت کے پاس کوئی جواب نہیں رہا، ہماری سول قیادت، سیاسی لیڈر شپ اور مسلح افواج کے جذبے پر ناز ہے۔

کیا یہ سیز فائر حتمی ہے؟ اس سوال کے جواب میں سینئر عسکری حکام نے کہا کہ بھارت اب کسی بھی ردعمل کی جرات نہیں کر سکتا، جنگ بندی پربھارت نے ہم نے کوئی براہ راست بات نہیں کی بلکہ تیسرے فریق کے ذریعہ ہمیں جنگ بندی کی کال آئی تھی، ہم نے سچے انداز میں اپنی جنگ لڑی اور دشمن کے لیے کوئی راستہ نہ چھوڑا، مسلح افواج کے درمیان مکمل ہم آہنگی ہے۔

آپریشن بنیان مرصوص کا نام کس نے تجویز کیا تھا؟ اس کے جواب میں قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ نام فیلڈ مارشل نے تجویز کیا۔ ذرائع عسکری حکام نے بتایا یہ نام سروسز چیفس کی ملاقات میں مشاورت کے بعد رکھا گیا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.