وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کا دورہ مکمل کر کے تاجکستان چلے گئے۔
لاچین کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آذر بائیجان کے نائب وزیر خارجہ ایلنور مامیدوف ، آذر بائیجان میں تعینات پاکستانی سفیر قاسم محی الدین اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔
اپنے دورہ آذر بائیجان کے دوران وزیراعظم نے آذر بائیجان کے صدر عزت مآب الہام علیوف سے دو طرفہ ملاقات کی، پاکستان، ترکیہ، آذربائیجان سہ فریقی سمٹ میں شرکت کی اور آذر بائیجان کے یوم آزادی کی تقریب میں شریک ہوئے۔
وزیراعظم دوشنبہ میں گلیشئرز کی حفاظت پر ہونی والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق 2 روزہ دورے میں وزیراعظم کی تاجک صدر سے دوطرفہ ملاقات شیڈول ہے، شہباز شریف تاجک قیادت سے تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کریں گے، دونوں ممالک میں مختلف معاہدوں پر دستخط ہونے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ آذربائیجان کے دوران سہ فریقی اجلاس میں صدر الہام علیوف نے پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔
سہ افریقی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کا پانی روکنا چاہتا ہے جو کبھی نہیں ہو پائے گا، پانی پاکستان کی لائف لائن ہے، بھارت کی پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکی کسی صورت قبول نہیں۔