ایران میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کیلئے قومی ایئرلائن کا خصوصی طیارہ ترکمانستان کے شہر اشک آباد سے پاکستانی مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گیا۔ترجمان کے مطابق ایران میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر قومی ایئرلائن کی پہلی خصوصی پرواز اشک آباد سے اسلام آباد پہنچ گئی، قومی ایئرلائن کی خصوصی پرواز پی کے 9552 کے ذریعے ایران میں پھنسے 107مسافر صبح 3 بجے وطن پہنچے ہیں۔
ایرانی فضائی حدود کی بندش کے باعث وہاں موجود پاکستانی شہری زمینی راستے کے ذریعے ترکمانستان اشک آباد پہنچے تھے، اس تمام عمل میں ایران اور ترکمانستان میں پاکستانی سفارتخانوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔قومی ایئرلائن کی خصوصی پرواز حکومتِ پاکستان کی ہدایات پر روانہ ہوئی تھی۔
مسافروں نے حکومت اور قومی ایئرلائن کے بروقت اقدام کو سراہا اور قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل گھڑی میں ملکی مفادات کی خاطر قومی ایئرلائن کا خدمات فراہم کرنا دہائیوں پر مشتمل روایات کا تسلسل ہے۔