آج رواں سال کا طویل ترین دن اور مختصر ترین رات
آج 21 جون کو رواں سال 2025 کا طویل ترین دن اور مختصر ترین رات ہو گی۔ماہر فلکیات پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید اقبال کے مطابق آج دن 13 گھنٹے 41 منٹ کا ہو گا جبکہ رات 10 گھنٹے 19 منٹ کی ہو گی، یکم جولائی کے بعد دن کا دورانیہ بتدریج کم ہونا شروع ہو جاتا ہے اور 22 ستمبر کو دن اور رات کا دورانیہ تقریباً برابر ہو جاتا ہے۔
ویسے تو گرمی کے موسم میں دن لمبے اور راتیں چھوٹی ہو جاتی ہیں لیکن آج یعنی 21 جون کا دن شمالی نصف کرے میں سال 2025ء کا سب سے طویل ترین دن ہے۔واضح رہے کہ ہماری زمین سورج کے گرد گھومتی ہے تو راس الجدی کے موقع پر سورج قطب جنوبی کی جانب جھکا ہوتا ہے اور شمالی نصف کرے سے دور ہوتا ہے تو یہاں سردیوں کا آغاز ہوتا ہے۔
اس وجہ سے دن کا دورانیہ گھٹ جاتا ہے جبکہ موسم گرما میں اس سے الٹ ہوتا ہے، شمالی نصف کرے کے خطوں میں اگلے تین دنوں تک طلوع آفتاب کا وقت یہی رہے گا البتہ سورج غروب ہونے کا وقت تبدیل ہوتا جائے گا۔ادھر آج کراچی میں صبح سویرے ہلکی بوندا باندی کے بعد موسم خوش گوار ہو گیا ہے جبکہ شہر کا موسم ابر الود رہے گا تاہم دن کے اوقات میں بھی ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔
دوسری جانب لاہور میں بھی بادلوں نے ڈیرے ڈال دیئے ہیں، ہوا چلنے سے گرمی کی شدت میں کمی آ گئی ہے، راولپنڈی، اسلام آباد اور گرد و نواح میں رات گئے بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، سیالکوٹ، نارووال، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، صوابی، مردان میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔