دختر مشرق، شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو کی آج 72 ویں سالگرہ

0 9

پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی آج 72 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔شہید بے نظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے شہر کے مختلف مقامات پر کیک کاٹنے کی تقریبات منعقد کی جائیں گی، تقریبات میں شہید بے نظیر بھٹو کی زندگی، جمہوریت کے لئے خدمات اور شہادت پر روشنی ڈالی جائے گی۔

سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹوکی لاڈلی بیٹی بے نظیر بھٹو 21 جون 1953 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، والد نے اپنی لاڈلی بیٹی کا نام بچپن میں پنکی رکھا، بےنظیر بھٹو نے اعلیٰ تعلیم آکسفورڈ اور ہاورڈ یونیورسٹی سے حاصل کی، بے نظیر بھٹو نے اپنے والد ذوالفقار علی بھٹو کے ہمراہ کئی ممالک کا دورہ کیا۔والد کی گرفتاری کے بعد بے نظیر بھٹو نے والدہ بیگم نصرت بھٹو کے ساتھ مل کر پیپلز پارٹی کی باگ ڈور سنبھالی اور بہت چھوٹی سی عمر میں پارٹی کی قیادت سنبھالی، 4 اپریل 1979 کو ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے بعد بے نظیر بھٹو کو گرفتار کر کے نظر بند کر دیا گیا۔

بےنظیر بھٹو نے تب سے آمریت کےخلاف جدوجہد کی اور بعد ازاں جلا وطنی اختیار کی، 1986 کو جب جلاوطنی ختم کر کے بے نظیر نے لاہور کی سر زمین پر قدم رکھا تو لاکھوں افراد نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔محترمہ بے نظیر بھٹو 1987 میں آصف علی زرداری کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں، 1988 کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے بے نظیر بھٹو ایشیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم منتخب ہوئیں لیکن 1990 میں ان کی حکومت کو برطرف کر دیا گیا۔

شہید بے نظیر بھٹو 1993 میں دوسری بار وزیر اعظم بنیں، 1996 میں ایک بار پھر ان کی حکومت کو برطرف کیا گیا، محترمہ بے نظیر بھٹو نے دوسری بار جلاوطنی کے بعد 2007 میں کراچی کی سرزمین پر قدم رکھا۔محترمہ بے نظیر بھٹو نے ایک بار پھر پورے ملک میں انتخابی مہم شروع کی، انتخابی مہم کے دوران ہی 27 دسمبر 2007 کو لیاقت باغ راو پنڈی میں جلسے سے خطاب کر کے واپس آرہی تھیں کہ دہشت گردوں نے اپنے عزائم کی تکمیل میں محترمہ بےنظیر بھٹو کو شہید کر دیا۔دخترمشرق، شہید جمہوریت شہید محترمہ بے نظیر بھٹو عالمی شہرت یافتہ سیاسی رہنما تھیں، وہ تاریخ میں ہمیشہ ناقابل فراموش رہیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.