پنجاب بھر میں آج سے عاشورہ تک دفعہ 144 نافذ

0 7

محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ فیصلہ حساس صورتِ حال کے تناظر میں کیا گیا ہے، جس کا اطلاق آج 27 جون سے 6 جولائی 2025 تک ہوگا، 7 مختلف نوعیت کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جن میں جلوسوں، عوامی اجتماعات، اسلحے کی نمائش اور اشتعال انگیز مواد پر مکمل پابندی شامل ہے۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران صرف منظور شدہ جلوس اور مجالس کی اجازت ہوگی، کسی بھی نئی اختراع یا غیر منظور شدہ سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی، پنجاب بھر میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔محکمہ داخلہ کے مطابق تمام پابندیاں یکم تا 10 محرم الحرام نافذ العمل رہیں گی، جبکہ ڈبل سواری پر پابندی 9 اور 10 محرم کو مؤثر ہو گی۔

پنجاب بھر کے تمام ضلعی و پولیس حکام کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ دوسری طرف پنجاب پولیس کے ترجمان نے کہا کہ لاہورسمیت صوبہ بھر میں 25 ہزار سے زائد افسران و اہلکار جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی سر انجام دے رہے ہیں، یکم محرم الحرام پر صوبائی دارالحکومت میں 2600 سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ صوبہ بھر میں آج 96 عزاداری جلوس، 3253 مجالس منعقد ہورہی ہیں، لاہور میں یکم محرم کی مناسبت سے 10 عزاداری جلوس برآمد، 402 مجالس منعقد ہورہی ہیں۔آج صوبہ بھر میں مجالس اور عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات میں 32 ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار معاونت فراہم کر رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.