صومالیہ میں ملٹری ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 5 افراد ہلاک، 3 شدید زخمی
صومالیہ میں ملٹری ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے 5 افراد ہلاک جبکہ 3 شدید زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں آدن اَدی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر افریقی یونین کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا،ہیلی کاپٹر نے بالی ڈوگل ایئرفیلڈ سے پرواز بھری تھی اور لینڈنگ سے کچھ لمحے قبل آدن اَدی ایئرپورٹ پر گر کر تباہ ہوا۔
میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر گرتے ہی اس میں زوردار دھماکے ہوئے اور شدید آگ بھڑک اُٹھی جس سے قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا، زخمیوں میں پائلٹ، معاون پائلٹ اور ایک انجینئر شامل ہے۔
ہیلی کاپٹر میں کل آٹھ افراد سوار تھے جن میں 5 ہلاک ہوگئے جب کہ تین زخمیوں کو شدید جلنے کے زخم اور دیگر چوٹیں آئیں، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
صومالی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں موجود گولہ بارود پھٹ گیا تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ گولہ بارود کس قسم کا اور کتنا تھا، یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یہ گولہ بارود ہیلی کاپٹر میں نہیں بلکہ اس مقام پر تھا جہاں ہیلی کاپٹر گرا تھا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو فضا میں تیزی سے گھومتے دیکھا گیا اور پھر وہ اچانک تیزی سے نیچے آن گرا، یاد رہے کہ افریقی یونین کا AUSSOM مشن صومالیہ میں 11 ہزار سے زائد اہلکاروں پر مشتمل ہے، جن میں یوگنڈا اور کینیا سمیت دیگر ممالک کے فوجی شامل ہیں۔