آلودگی و اسموگ کیس، عدالت کی عوام کو سائیکل استعمال کی تجویز

0 109

جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں ماحولیاتی آلودگی اور اسموگ تدارک کیس کی سماعت کے دوران عوام کو دفاتر میں موٹر سائیکل یا گاڑی پر جانے کی بجائے سائیکل پر جانے کی تجویز دے دی۔

وکیل واٹر کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ شاہدرہ، بابو صابو سمیت تمام پروجیکٹس کی تکمیل کے لیے 3 سال کا وقت دیا گیا ہے۔

سرکاری وکیل نے بتایا کہ اکبر چوک کو 20 اکتوبر جبکہ والٹن روڈ والا پل 30 اکتوبر تک مکمل ہو جائے گا، نیازی شہید تا بابو صابو پروجیکٹ رنگ روڈ کے ساتھ جڑنا ہے، عدالت نے پہلے 1 کنال کے گھروں کے لیے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لازمی قرار دیے تھے۔

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ رنگ روڈ ایکسٹینشن کو فروری سے پہلے شروع نہ کریں، نیازی انٹرچینج روڈ کو اس موسمِ سرما کے بعد شروع کریں، کیا آپ نے اس پروجیکٹ کے لیے ماحولیاتی سروے مکمل کروایا ہے؟

عدالت نے نیازی انٹرچینج والے پروجیکٹ میں پرائیویٹ کنسلٹنٹ کو شامل کرنے کی تجویز بھی دی اور کہا کہ یوٹرنز کا فاصلہ بڑھا دیں کیونکہ جگہ جگہ یوٹرنز ٹریفک میں رکاوٹ پیدا کرتے ہیں،اب 10 مرلے کے گھروں کے نقشوں کی منظوری بھی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کے ساتھ مشروط کریں۔

عدالت نے اسموگ کے تدراک کے لیے تجویز پیش کی کہ اکتوبر سے مارچ تک سائیکلنگ کی پروموشن کر سکتے ہیں، لندن میں سائیکل کرائے پر دینے کا کام شروع کیا گیا تھا، ایسا پلان مصروف علاقے سے شروع کیا جا سکتا ہے۔

عدالت نے کہا کہ سردیوں کے 4 ماہ میں آپ سائیکل کرائے پر دے سکتے ہیں یا ابتداء میں تو یہ سہولت مفت بھی دی جاسکتی ہے، برطانیہ میں تو جج بھی سائیکل استعمال کرتے ہیں۔جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد باجوہ نے بتایا کہ ایسا مال روڈ پر شروع کیا گیا تھا

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.