فلسطینی غزہ کوخالی کردیں،حماس سے بدلہ لیں گے، اسرائیلی وزیراعظم
اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ یہ جنگ طویل اور مشکل ہوگی، پورے اسرائیل میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، اسرائیل میں جو ہفتے کو ہوا وہ کبھی نہیں ہوا تھا۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے تسلیم کیا کہ اس فتح کی قیمت برداشت کرنا آسان نہیں، بدلہ لیں گے اور جنگ جیتیں گے،یہ اسرائیلیوں پربہت مشکل دن گزرا ہے، یقینی بنایا جائے گا کہ ایسا اب کبھی نہ ہوسکے۔
جن اسرائیلیوں کو یرغمال بنایا گیا ہے ان کے تحفظ کی ذمہ دار حماس ہوگی، کسی کا بال بھی بیکا ہوا تو حساب لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ہفتے کی صبح غزہ سے اسرائیل پر 5000 راکٹ فائر کیے گئے جس کے بعد فلسطین اور اسرائیل میں جنگ چھڑ گئی، فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر زمین، سمندر اور فضا سے کیے گئے حملوں میں صیہونی فوجیوں سمیت 200 سے زائد اسرائیلی ہلاک، سینکڑوں زخمی اور درجنوں یرغمال بنالیے گئے۔
ادھر امریکا نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے حملوں کے خلاف اسرائیل کی حمایت اور دفاعی ضروریات پوری کرنے کا اعلان کردیا۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے رابطہ کیا اور کہا کہ امریکا اسرائیل کو تعاون کے لیے تمام مناسب ذرائع دینے کو تیار ہے۔ اسرائیل کی سلامتی کے لیے ہماری انتظامیہ کی حمایت مضبوط اور غیرمتزلزل ہے، اسرائیل کی صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں اور اسرائیلی وزیراعظم سےرابطےمیں رہیں گے۔
سعودی وزارت خارجہ نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں نبھانے اور امن کیلئے دو ریاستی حل پرکام کرے، دو ریاستی حل ہی خطے میں سلامتی، امن اور شہریوں کی حفاظت کا ضامن ہے۔