بنگلہ دیش کے لئے پاکستان ویمنز ٹیم کااعلان، ندا ڈار قیادت کریں گی
پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان قومی ویمنز سلیکشن کمیٹی کے سربراہ سلیم جعفر نے کیا،پاکستانی ٹیم 20 اکتوبر کو بنگلہ دیش روانہ ہوگی جس میں وہ محدود اوورز کے 6 میچ کھیلے گی جن میں آئی سی سی چیمپئن شپ کے 3 ون ڈے انٹرنیشنل بھی شامل ہیں۔
شوال ذوالفقار اور سیدہ عروب شاہ کو ڈراپ کردیا گیا ہے البتہ وہ مرید کے میں ہونے والے ایمرجنگ کیمپ کی اٹھائیس کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
ایمرجنگ ٹیم اس ماہ ویسٹ انڈیز اورتھائی لینڈ کی ایمرجنگ ٹیموں کے خلاف ہوم سیریز اور ٹرائنگولر ٹورنامنٹ کھیلے گی۔ فاطمہ ثنا ابھی تک مکمل فٹ نہیں ہوسکی ہیں وہ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں انجرڈ ہوگئی تھیں۔
پاکستانی ویمنز ٹیم 14 اکتوبر سے غنی انسٹی ٹیوٹ لاہور میں چھ روزہ کیمپ میں حصہ لے گی اور پھر 20 اکتوبر کو براستہ دبئی بنگلہ دیش روانہ ہوگی ۔پاکستان ویمنز ٹیم ندا ڈار ( کپتان )، عالیہ ریاض، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، غلام فاطمہ، ارم جاوید، منیبہ علی ( وکٹ کیپر )، نجیہہ علوی ( وکٹ کیپر )، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، ام ہانی اور وحیدہ اختر پر مشتمل ہے۔
نان ٹریولنگ ریزرو میں امبر کائنات، عمیمہ سہیل اور سدرہ نواز ( وکٹ کیپر ) کو رکھا گیا ہے ۔ پلیئر سپورٹ اسٹاف میں ناہیدہ خان ( منیجر )، محتشم رشید ( عبوری ہیڈ کوچ )، سلیم جعفر ( بولنگ کوچ )، توفیق عمر ( بیٹنگ کوچ )، عبدالرحمن ( اسپن بولنگ کوچ صرف کیمپ کے لیے )، محمد اسفندیار ( اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ )، سید نذیر احمد ( میڈیا منیجر )، رفعت اصغرگل ( فزیو تھراپسٹ )اور زبیر احمد ( انالسٹ ) شامل ہیں۔