اسلام آباد میں فلسطینی سفارت خانے کے دورے کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ غزہ پر اجتماعی سزا کے طور پر بلا تفریق اسرائیلی بمباری بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور جنگی جرم ہے جس کیلئے کوئی جواز پیش نہیں کیا جاسکتا۔
لمحہ بہ لمحہ فلسطین کی صورتحال مزید بگڑتی جا رہی ہے لیکن اقوام متحدہ کی جانب سے فوری جنگ بندی اور انسانی بنیادوں پر بمباری رکوانے کیلئے اتفاق رائے پیدا نہ کرپانا بہت افسوسناک ہے۔
غزہ میں معصوم انسانوں کی جانوں کو بچانے کیلئے عالمی برادری آگے آکر آپریشنل انسانی راہداری کے قیام اور غزہ میں محصور فلسطینیوں تک انسانی امداد پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے مسئلہ فلسطین کا حل ناگزیر ہے اور اس مسئلے کا حل صرف اور صرف آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ہے، پاکستان کٹھن وقت میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔