ایپل آئی فونز کے لیے گوگل کا تیار کردہ میسجنگ پروٹوکول اپنانے کیلئے تیار
ایپل نے گوگل کے تیار کردہ میسجنگ اسٹینڈرڈ کو اپنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد آئی فونز اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے درمیان ٹیکسٹ پیغامات کا تبادلہ زیادہ بہتر ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ گوگل کی جانب سے کئی برس سے ایس ایم ایس اور ایم ایم ایس کی جگہ نئے میسجنگ پروٹوکول رچ کمیونیکیشن سروسز (آر سی ایس) کو لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مگر ایپل کی جانب سے اس نئے میسجنگ پروٹوکول کو اپنانے سے گریز کیا گیا اور آئی میسج پر ہی مکمل توجہ مرکوز کی گئی،اس کے باعث اینڈرائیڈ ڈیوائسز سے آئی فونز میں بھیجے جانے والے ٹیکسٹ پیغامات گرین ببل میں نظر آتے ہیں۔
آر سی ایس ایسا میسجنگ پروٹوکول ہے جو مختلف پلیٹ فارمز میں مختلف فیچرز کو سپورٹ کرتا ہے،مثال کے طور پر صارفین موبائل نیٹ ورک کے ساتھ ساتھ وائی فائی کے ذریعے بھی پیغامات بھیج سکتے ہیں جبکہ وہ زیادہ بڑی ویڈیوز اور فوٹو فائلز بھی ایک دوسرے کو بھیج سکتے ہیں۔