آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سائفر کیس کی سماعت 21 اکتوبر تک بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کردی۔
اڈیالا جیل میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سائفر کیس کی مختصر سماعت کی،سماعت کے دوران سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک، بیٹی مہر بانو اور اہلیہ مہرین قریشی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر عمیر نیازی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی، بہنیں علیمہ خان، نورین خانم اور عظمیٰ خان بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم امتناع کی روشنی میں سائفر کیس کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کردی گئی ہے، سرکاری پراسیکیوشن کی جانب سے کوئی گواہ پیش نہیں کیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفرکیس کے ٹرائل پرحکمِ امتناع میں20 نومبرتک توسیع کی تھی، اسی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سپریم کورٹ میں 22 نومبر کو سماعت ہوگی۔
جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس عائشہ ملک پر مشتمل تین رکنی بینچ سماعت کرے گا۔