آڈیو لیک اسکینڈل، جسٹس مظاہر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی چیلنج کردی

0 102

سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی ختم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ سے درخواست کی ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کا آئندہ کارروائی کے لیے موصول نوٹس بھی غیر قانونی قرار دیا جائے۔

جسٹس مظاہر نقوی نے ایڈووکیٹ مخدوم علی خان کے ذریعے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی، جس میں سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کو چیلنج کیا گیا ہے۔

چیئرمین سپریم جوڈیشل کونسل جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں اجلاس آج ہوگا، جس میں جسٹس مظاہر نقوی کے تحریری جواب کا جائزہ لیا جائے گا۔ کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کیخلاف شکایت کنندگان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔

جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف 10 شکایات جوڈیشل کونسل میں زیر غور ہیں ، جن میں جسٹس مظاہر نقوی پر مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، جس پر سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز نوٹس جاری کر رکھا ہے۔

دریں اثنا جسٹس مظاہر نقوی نے اپنے تحریری جواب میں سپریم جوڈیشل کونسل کے 3 ارکان پر اعتراض اٹھا رکھا ہے۔ آج ہونے والے اجلاس میں جسٹس سردار طارق مسعود کے خلاف شکایت پر بھی غور ہوگا۔ سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس سردار طارق مسعود کے خلاف شکایت کنندہ کو بھی طلب کر رکھا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.