شام میں امریکی فوجی اتحاد کا داعش رہنماء کی گرفتاری کا دعویٰ
داعش کیخلاف بین الاقوامی اتحادی افواج نے بھی گذشتہ فروری میں دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے شام اور ترکی کی سرحد پر واقع علاقے میں ''ہیلی برن'' آپریشن کے دوران داعش کے رہنماء ابو ابراہیم الہاشمی القرشی کو ہلاک کر دیا تھا
نام نہاد داعش مخالف اتحاد نے شام میں ”ہیلی برن” کارروائی کے دوران داعش کے ایک سینیئر رہنماء کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکہ کی قیادت میں داعش مخالف اتحاد نے آج (جمعرات) دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شمالی شام میں آپریشن ہیلی برن کے دوران داعش کے ایک رہنماء کو گرفتار کیا ہے۔ اتحادی افواج کے بیان کے مطابق حراست میں لیا گیا شخص بمب بنانے والے ماہرین میں سے تھا، جو رفتہ رفتہ شام میں داعش کے سرکردہ رہنماؤں میں شمار کیا جانے لگا تھا۔ اس سلسلے میں ترکی کی حمایت یافتہ شامی اپوزیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکہ کی اتحادی فوج کے ہیلی کاپٹروں نے ترکی کی سرحد پر واقع گاؤں ”الاحمر” پر اچانک حملہ کیا، جو کہ اپنی نوعیت کا پہلا حملہ تھا۔
ترکی کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروپ ”سیرین نیشنل آرمی” کے ترجمان ”یوسف حمود” نے بھی اعلان کیا کہ اس آپریشن میں امریکہ کے بلیک ہاک (Black Hawk) اور شینوک (Chinook) ہیلی کاپٹروں نے شرکت کی اور ابھی تک اس آپریشن کی صورتحال غیر واضح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شام میں ترک حمایت یافتہ فورسز کے زیر قبضہ علاقوں میں یہ پہلا امریکی ہیلی کاپٹر آپریشن ہے۔ یاد رہے کہ داعش کے خلاف بین الاقوامی اتحادی افواج نے بھی گذشتہ فروری میں دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے شام اور ترکی کی سرحد پر واقع علاقے میں ”ہیلی برن” آپریشن کے دوران داعش کے رہنماء ابو ابراہیم الہاشمی القرشی کو ہلاک کر دیا تھا۔