ٹیلی گرام چینلز کے لیے نئے فیچرز متعارف

0 248

میسجنگ ایپ کی جانب سے یہ نئے فیچرز واٹس ایپ کا مقابلہ کرنے کے لیے متعارف کرائے گئے ہیں، جس نے ستمبر میں چینلز کا فیچر دنیا بھر کے صارفین کے لیے پیش کیا تھا۔

اب جب کوئی صارف کسی نئے ٹیلی گرام چینل کا حصہ بنے گا تو ایپ کی جانب سے اس سے ملتے جلتے چینلز تجویز کیے جائیں گے، تاکہ وہ زیادہ بہتر انتخاب کر سکے۔

ٹیلی گرام کی جانب سے اگست میں اسٹوریز کا فیچر ایپ کا حصہ بنایا گیا تھا اور اب اسے مزید بہتر بنایا گیا ہے،صارفین اور چینلز کی جانب سے اسٹوریز کو اپنے پیجز پر ری پوسٹ کرنا ممکن ہوگا ۔

ری پوسٹ کرتے ہوئے اسٹوریز میں ٹیکسٹ، تصاویر یا ویڈیو کمنٹری کا اضافہ بھی کیا جا سکے گا،ٹیلی گرام چینلز کے لیے کاسٹیوم ایموجیز فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

چینلز سے ہٹ کر ٹیلی گرام کی جانب سے آڈیو میسجز کے لیے وائس ٹو ٹیکسٹ فیچر بھی ایپ کا حصہ بنایا گیا ہے،یہ فیچر پہلے ٹیلی گرام کے پریمیئم صارفین کو دستیاب تھا مگر اب یہ ایپ کو مفت استعمال کرنے والے افراد کو بھی دستیاب ہوگا۔

مگر یہ افراد ایک ہفتے میں صرف 2 آڈیو میسجز کے لیے یہ فیچر استعمال کر سکیں گے، ٹیلی گرام میں چینلز کا فیچر کافی عرصے سے موجود ہے مگر واٹس ایپ میں اسی طرح کا فیچر متعارف کرانے کے بعد اسے بہتر بنایا جا رہا ہے۔

گزشتہ دنوں میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے بتایا تھا کہ واٹس ایپ چینلز کو استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 50 کروڑ سے زائد ہوگئی ہے۔

واٹس ایپ کو ہر ماہ 2 ارب سے زائد افراد استعمال کرتے ہیں جبکہ ٹیلی گرام کے ماہانہ صارفین کی تعداد 80 کروڑ سے زائد ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.