مجلس علماء امامیہ کشمیر کا ’کاروان اخوت‘ پروگرام
پاک نیوز۔ مجلس علماء امامیہ کشمیر کا کثیر المقاصد علاقائی دوروں کے تحت آج ماگام بڈگام میں ’کاروان اخوت‘ مہم کا دوسرا پروگرام منعقد ہوا۔ کاروان اخوت میں ماگام کی مومن بستیوں کے صاحبان فکر و اندیشہ، دینی اور سماجی طور پر فعال افراد، تجارت پیشہ طبقہ، تعلیم یافتہ افراد اور جوانوں کے ساتھ رابطہ بڑھانے اور ان کے سامنے مجلس علماء امامیہ جموں و کشمیر کا پروگرام پیش کرنے کی غرض سے علاقہ میں مجلس علماء کی ایگزیکٹیو باڈی، شعبہ تبلیغات کے اراکین اور ماگام علاقے کے علماء پر مشتمل بیس سے زائد علماء کا وفد علاقہ میں پہنچا اور آج دیر رات تک پروگرام جاری رہا۔
مجلس علماء امامیہ کشمیر کے ️وفد نے علاقہ کے سو کے قریب معززین کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ مجلس علماء امامیہ کے صدر مولانا شیخ غلام رسول نوری نے مجلس علماء امامیہ کشمیر کے وسیع اتحاد کے سلسلے میں مومنین کے کردار پر گفتگو کی اور ان سے درخواست کی کہ وہ بھی اپنے مفید خیالات، آراء اور مالی تعاون کے ذریعہ اس اتحاد کو مضبوط کرکے اپنی ذمہ داری نبھائیں۔ ️اجلاس میں مومنین نے مجلس علماء کو مکمل تعاون دینے کا وعدہ کیا اور بہتر منصوبہ بندی کے لئے اپنی مفید آراء بھی پیش کیں۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض مولانا بشیر احمد بٹ انجام دے رہے تھے۔