بھارتی وزراء پر مشتمل بی جے پی کے اعلیٰ وفد کا مدینہ منورہ کا تاریخی دورہ
سعودی عرب اور بھارت کے درمیان حج معاہدہ طے پانے کے بعد بھارت کی ہندو حکمران پسند جماعت بھارتیہ جنتہ پارٹی (بی جے پی) کے اعلیٰ سطح کے وفد نے مدینہ منورہ کا تاریخی دورہ کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حکمران جماعت بی جے پی کی یونین وزیر سمرتی ایرانی نے وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ منورہ مدینہ منورہ کا دورہ کیا۔
ٹوئٹر پر مدینہ منورہ کے دورے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے سمرتی ایرانی نے لکھاکہ آج مدینے کا تاریخی سفر کیا، اس دورے کے دوران اسلام کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک مسجد نبوی ﷺ، پہاڑ احد اور مسجد قبا اسلام کی پہلی مسجد کا دورہ بھی شامل ہے۔
بھارتی وزیر نے سعودی حکومت کا شکریہ اداکرتے ہوئے لکھا کہ ان مقامات کی اہمیت ابتدائی اسلامی تاریخ سے جڑی ہوئی ہے جو ہماری ثقافتی اور روحانی وابستگی کو واضح کرتی ہے۔
واضح رہے کہ غیر مسلموں کو 2021 تک مدینہ آنے کی اجازت نہیں تھی جس کے بعد قوانین میں نرمی کے باعث وہ شہر کے وسط میں مسجد نبوی ﷺ کے اطراف تک جا سکتے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وفد کا دو روزہ دورہ، بھارت اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ معاہدے پر دستخط کے 2 دن بعد کیا گیا، اس معاہدے کے تحت نئی دہلی کے لیے اس سال حج کے لیے ایک لاکھ 75 ہزار 25 عازمین کا کوٹہ مختص کیا گیا تھا۔