الیکشن میں سرپرائز یقینی، آزاد ارکان کیساتھ مل کر حکومت بنائیں گے، بلاول

0 89

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ کے ساتھ مخلوط حکومت بنانے کا کوئی امکان نہیں، الیکشن میں ہم سرپرائز دیں گے اور آزاد اراکین کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے۔

بلاول نے کہاکہ اس ملک کے لوگ نواز شریف کو چوتھی مرتبہ وزیر اعظم نہیں دیکھنا چاہتے اور الیکشن کے بعد ن لیگ کے ساتھ مخلوط حکومت بنانے کا کوئی امکان نہیں۔

الیکشن میں ہم سرپرائز دیں گے، آزاد اراکین کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے، ہمارا وزیر خزانہ کوئی بھی ہوگا مگر اسحاق ڈار نہیں ہوگا، پچھلی حکومت میں مفتاح اسماعیل کو تبدیل کرکے اسحاق ڈار کو لانے سے ملک معاشی مسائل کا شکار ہوا۔

ن لیگ والوں کی یہ بات مذاق ہے انھوں نے سیاست کو قربان کیا اور ریاست کو بچایا، یہ سیاست، ملک اور ریاست کو بچا سکتے تھے لیکن ن لیگ نے مفتاح اسماعیل کو تبدیل کرنے کا فیصلہ مشاورت کے بغیر کیا، اس فیصلے کا ان کو اب نقصان ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ نقصان میں جانے والے اداروں کو پبلک پرائیویٹ شراکت سے چلا کر دکھائیں گے، این ایف سی ایوارڈ اور اٹھارہویں ترمیم کے خلاف باتیں اسلام آباد میں بیٹھے ہوئے بابو کرتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.