جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ میں وزیراعظم بنا تو عافیہ صدیقی کو آزادی دلاؤں گا۔
نارووال کے علاقے نورکوٹ میں جلسے سے خطاب میں سراج الحق کا کہنا تھاکہ ہربچہ سوا تین لاکھ کا مقروض ہے، حالات خراب ہیں، 10 کروڑ عوام خط غربت سے نیچے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر 30 سالوں سے حالات خراب ہیں تو ذمہ دارپی پی، ن لیگ، پی ٹی آئی ہے، نوازشریف کہتے ہیں تین بارباری لے لی ایک اور باری دے دو، آصف زرداری کہتے ہیں ایک اور باری دے دیں۔
ان کا کہنا تھاکہ بارڈر کے دونوں طرف انگریز کے بنے قانون چل رہے ہیں، آج بھی سب سے زیادہ غربت سندھ میں ہے، بلاول بھٹو کہتے ہیں تعلیم دوں گا، سندھ میں ہزاروں اسکول ہیں مگر طلبہ نہیں جن پر وڈیروں کا قبضہ ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھاکہ اگر سودی نظام چاہتے ہو تو نواز شریف اور زرداری کو ووٹ دو، ہم کرپٹ لوگوں سے دولت کے کر غریبوں کو دیں گے، امریکا کاصدر وائٹ ہاؤس میں رہتا ہےاس سے بڑا تو ہمارا گورنر ہاؤس ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکمران عافیہ صدیقی کو آزادی نہیں دلا سکے، میں وزیراعظم بنا تو عافیہ صدیقی کو آزادی دلاؤں گا، ریمنڈ ڈیوس نے دن کی روشنی میں 3 شہریوں کو شہید کیا، ان حکمرانوں نے ریمنڈ ڈیوس کو امریکا بھیج دیا، ریمنڈ ڈیوس نےکتاب میں لکھا ساری سیاسی جماعتوں کے برعکس جماعت اسلامی نے میری سزا کا مطالبہ کیا۔