این اے127: پیپلز پارٹی کا ن لیگ پر پارٹی آفس پر حملےکا الزام

0 91

پیپلز پارٹی نے لاہور کے حلقہ این اے 127 میں پارٹی آفس پر مسلم لیگ ن کی جانب سے حملےکا الزام لگایا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی اور این اے 127 سے امیدوار بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ این اے 127 کے صوبائی حلقے پی پی 160 کے الیکشن آفس پر حملے کے معاملے پر الیکشن کمیشن ڈسکہ کی طرح سنجیدہ اقدامات کرے اور پولیس ذمہ داران کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں گرفتار کرے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ مسلم لیگ ن اپنے روایتی اوچھے ہتھکنڈوں کو اختیار کرکےلاہور کے عوام کو ڈرانا چاہتی ہے، لاہورکے عوام مسلم لیگ ن کی غنڈہ گردی سے ڈرنے والے نہیں ہیں، لاہور کے باشعور عوام کو مسلم لیگ ن خرید کر اور ڈرا کر نہیں جھکا سکتی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی نے کہا ہےکہ پیپلزپارٹی دفترپر عطا تارڑ کی دہشت گردی سے ان کی شکست عیاں ہوگئی، این اے127 ہائی پروفائل حلقہ ہے، الیکشن کمیشن واقعےکا فوری نوٹس لے۔

رضا ربانی کا کہنا ہے کہ ہماری ایف آئی آر فوری درج ہونی چاہیے، کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود پولیس کا مناسب رد عمل سامنے نہیں آیا۔

عطا تارڑ کا پیپلز پارٹی پر ووٹوں کی خریدوفروخت کا الزام
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور لاہور کے حلقے این اے127 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار عطا اللہ تارڑ نے حلقے میں پیپلز پارٹی پر ووٹوں کی خریدوفروخت کا الزام لگایا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے ایکس پر اپنے اکاؤنٹ پر ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے مختلف ثبوت پیش کیے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نےکہا کہ ہمیں اطلاع آرہی تھی کہ پیپلزپارٹی ووٹوں کی خرید و فروخت میں ملوث ہے، انہوں نے کوشش کی کہ پیسےکا بے دریغ استعمال کیا جائے، سندھ سے گاڑیوں کے ذریعے پیسےلائےگئے، پیپلزپارٹی نے حلقے میں ووٹوں کی خریدو فروخت شروع کیم کمیشن ایجنٹ مقررکیےگئےکہ جو زیادہ ووٹ لائےگا اس کا زیادہ کمیشن ہے۔

عطا اللہ تارڑ نےکہا کہ ایک سیٹ اپ موجود ہے جو ووٹوں کی خرید و فروخت میں ملوث ہے، ہمیں بلاول بھٹو زرداری حلقے میں کہیں نظر نہیں آرہے، آپ کوشش کر رہے ہیں پیسا استعمال کرکے ووٹوں میں تبدیل کیا جائے، یہ کرپشن کا پیسا سندھ کے عوام کا حق تھا، لاڈلے کو ایم این اے بنانےکے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں، آپ کا سارا تکیہ پیسے پر ہے، سندھ سے آکر لوگ بیٹھے ہوئے ہیں۔

این اے127 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار کا کہنا تھا کہ ہماری قیادت نے ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی ہے، ہم نے ہمیشہ ووٹوں کی سیاست کی ہے، ہماری ان لوگوں پر بھی نظر ہے جن کو آپ نے پیسے دیے ہیں، جنہوں نے ووٹ بیچا ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، ہمیں چار ٹیب ملے ہیں، ہمارے پاس تمام ڈیٹا آچکا ہے،تین لوگ پکڑے ہیں جنہیں کوٹ لکھپت تھانے منتقل کیا ہے، منصوبہ بندی تھی زیادہ سے زیادہ ووٹوں کی خریداری کرنی ہے، آپ نے لوگوں کی مجبوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ضمیر خریدنےکی کوشش کی۔

انہوں نےکہا کہ بلاول بھٹو زرداری میڈیا پر آئیں اورکہیں کہ ووٹوں کی خریدو فروخت نہیں کی، آصف زرداری کے پیچھے چھپنا چھوڑیں اور مقابلہ کریں، جو بھی ووٹ بیچےگا وہ بھی قانون کی گرفت میں آئےگا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.