مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے قصور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں عوام اور ملک کی خاطر تمام مظالم بھلانے کو تیار ہو ں، ایسا پاکستان خواب ہے جہاں امن، بھائی چارہ اور سلامتی ہو۔
سروے کہہ رہا ہےن لیگ نے مقبولیت میں تمام جماعتوں کو پیچھے چھوڑ دیا، ہر سروے نے مخالفین کے جھوٹے دعوؤں کے پرخچے اڑا دیئے، عوام دیوانہ وار نواز شریف کی طرف دوڑے چلے آتے ہیں۔
نواز شریف کے خلاف انتقام کی ہر لائن کراس کی گئی،کہا گیا نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی، آج سیاست نواز شریف سے شروع اور نواز شریف پر ختم ہو رہی ہے۔
لوگ کہتے ہیں مریم نواز کی تقریر شروع بھی نوازشریف سےہوتی ہے اور ختم بھی، مخالفین کی تقریر بھی نواز شریف سےشروع ہوتی ہے اور ختم بھی نواز شریف پر ہوتی ہے، مخالفین نے طریقہ ڈھونڈ لیا کہ کارکردگی بتانےکے لیے نہیں تو نوازشریف پر تنقیدکرو۔
عوام نے ہر ظلم ، ہر جبر سہا لیکن نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا، اس جلسےکو گواہ بنا کر کہتی ہوں آپ اور اس ملک کی خاطر تمام مظالم بھلانے کو تیار ہوں۔
سب کو دعوت دیتی ہوں، جلاؤ گھیراؤ بند کرتے ہیں، پی ٹی آئی کے ورکرز کو کہتی ہوں نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کردو، میں خواب دیکھتی ہوں ۔
ایسے پاکستان کا جہاں پر امن، بھائی چارہ اور سلامتی ہو، جہاں غریب کا بچہ پیٹ بھر کر روٹی کھائے،جہاں پر حکومت کی توجہ انتقام پر نہیں خدمت پر ہو۔
پی ٹی آئی کے کارکن جلاؤ گھیراؤ کی سیاست ترک کردیں، آپ کو بہلایا پھسلایا گیا، میں ایسے پاکستان کا خواب دیکھتی ہوں جہاں آپ کے ہاتھ میں پیٹرول بم نہیں، لیپ ٹاپ ہوں، ہاتھوں میں ڈنڈے نہیں ڈگریاں ہوں بہترین اسکول اور یونیورسٹیاں ملیں۔