ن لیگی رہنما سعد رفیق نے پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کو حکومت بنانے کی دعوت دیدی

0 112

پاکستان مسلم لیگ کے سینیئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ موجودہ قومی اسمبلی میں کسی پارٹی کو اکثریت حاصل نہیں ہے، وفاقی حکومت کی تشکیل ن لیگ کی نہیں تمام جماعتوں کی ذمہ داری ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے پی پی پی اور پی ٹی آئی کو مخلوط حکومت بنانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد ارکان پہل کریں اور پیپلزپارٹی کے ساتھ حکومت بنالیں۔

پی ٹی آئی اورپیپلزپارٹی حکومت بنالیں ہم انہیں مبارکباد دیں گے،یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت نے وفاق میں حکومت بنانے کے ارادے سے ہاتھ کھینچ لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی زیرصدارت پارٹی اجلاس میں شرکا نے نوازشریف کو تجویز دی کہ ہمیں وفاقی حکومت نہیں لینی چاہیے۔

پنجاب میں ن لیگ، آزاد اراکین کے ساتھ مل کر آسانی سے حکومت بنا سکتی ہے، ہمیں صرف پنجاب پر فوکس کرناچاہیے، اجلاس میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ وفاقی حکومت بنانے کیلئے کسی اتحادی جماعت کی غیراصولی بات کونہیں ماننا چاہیے۔

کچھ شرکا کی رائے تھی کہ وفاقی حکومت لینے کا صرف ایک مقصد ہے کہ ملک معاشی بحران کا شکار ہے، ریاست کو بچانے کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مرکز میں ن لیگ، پی پی پی، ایم کیو ایم اور دیگرجماعتوں نے مل کر حکومت بنانے کا اعلان کیا تھا۔

قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) 79، پیپلزپارٹی 54، متحدہ قومی موومنٹ 17، مسلم لیگ (ق) 3، استحکام پاکستان پارٹی 2 اور بلوچستان عوامی پارٹی نے ایک نشست حاصل کی ہے۔

نواز شریف نے ن لیگ کی جانب سے شہباز شریف کو وزیراعظم کے امیدوار کیلئے نامزد کیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.