چمن میں پاک افغان شاہراہ پر پاسپورٹ ٹریولنگ پالیسی کے خلاف 4 ماہ سے دھرنا جاری ہے۔
گزشتہ روز ہونے پولیس آپریشن اور دھرنا ترجمان سمیت متعدد افراد کی گرفتاریوں کے خلاف مظاہرین مشتعل ہوگئے۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ بھی ہوئی۔
چمن میں پولیس نے رات گئے پاسپورٹ آفس کے قریب دھرنا مظاہرین کے خلاف آپریشن کیا اور دھرنا ترجمان صادق اچکزئی سمیت متعدد دھرنا مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔
گرفتاریوں کے خلاف مظاہرین نے مشتعل ہوکر دھرنا مقام سے ہٹ کر چمن شہرمیں داخل ہونے کی کوشش کی اور جگہ جگہ احتجاج شروع کردیا۔
تاہم پولیس، لیویز اور دھرنا کمیٹی رہنماؤں نے مظاہرین کوواپس دھرنے کے مقام پر بھیج دیا۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی گئی۔
پولیس کے مطابق دھرنا کمیٹی کے ساتھ علماء کرام اور عمائدین کےمذاکرات جاری ہیں۔ دھرنا کمیٹی کی جانب سے مظاہرین کو مسلسل پرُامن رہنے کی تلقین کی جارہی ہے۔