شیخ محسن نجفی کے چہلم میں وکیل آیت اللہ یعقوبی کی شرکت
بزرگ عالم دین علامہ شیخ محسن علی نجفی کی رسم چہلم جامع الکوثر میں ادا کی گئی جس میں آیت اللہ العظمٰی الشیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) کے وکیل مطلق اور سربراہ شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان شیخ ہادی حسین ناصری کی شرکت، شیخ ہادی حسین ناصری نے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔تفصیلات کے مطابق بزرگ عالم دین علامہ شیخ محسن علی نجفی کی رسمِ چہلم جامع الکوثر اسلام آباد میں ادا کی گئی جس میںآیت اللہ العظمٰی الشیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) کے وکیل مطلق اور سربراہ شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان شیخ ہادی حسین ناصری ,شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی،علامہ شیخ حسن جعفری، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ راجہ ناصر عباس جعفری، علامہ سید افتخار حسین نقوی، علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی سمیت بڑی تعداد میں علمائے کرام نے شرکت کی۔
وفاقی دارالحکومت میں رسم چہلم کےموقع پر بڑی تعداد میں دانشوروں، سماجی اور سیاسی شخصیات، مختلف ممالک کے دینی و مذہبی اداروں کے مندوبین اور پاکستان بھر سے ہزاروں افراد بھی شریک تھے۔آیت اللہ العظمیٰ سید ابو القاسم خوئی (قُدِّسَ سِرُّہ) کے فرزند اور خوئی خیراتی ادارے کے سیکریٹری جنرل حجت الاسلام و المسلمین سید عبدالصاحب خوئی، آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر حسین نجفی کے دفتر کے سربراہ حجت الاسلام و المسلمین علی نجفی، حوزہ علمیۂ نجف کے استاد حجت الاسلام و المسلمین سید رشید حسینی، حرم امام حسین (علیہ السلام) کے حرم شریف کے مذہبی امور کے ڈائریکٹر حجت الاسلام و المسلمین احمد عاملی، آیت اللہ العظمیٰ سید سعید حکیم (قُدِّسَ سِرُّہ) کے دفتر کے نمائندے حجت الاسلام و المسلمین سید عادل حکیم، عالمی خوجہ اثنیٰ عشری فیڈریشن کے سربراہ صفدر جعفر اور سربراہ لالجی خیراتی فاؤنڈیشن – لندن، اس موقع پر موجود تھے۔
چہلم کی یہ تقریب صبح ساڑھے نو بجے سے شروع اور شام پانچ بجے تک جاری رہی اور مقررین نے شیخ محسن علی نجفی کی زندگی کے مراحل پر روشنی ڈالی کہ آپ نے پاکستان کے مظلوم عوام کے زندگی کے مختلف شعبوں میں بے مثل خدمات پیش کی ہیں مقررین نےعلامہ شیخ محسن علی نجفی کی رسمِ چہلم کے موقع پر اپنی تقاریر کے دوران کہا کہ اللہ پر توکل، امیرالمؤمنین اور دوسرے ائمۂ طاہرین (علیہم السلام) کی ذوات مقدسہ کا دفاع، سادہ زیست اور مہمان نوازی اس بزرگ عالم دین اور نا تھکنے والے مجاہد کی اخلاقی خصوصیات ہیں۔ تقریب کے اختتام پر شیخ انور علی نجفی نے اپنی اورشیخ محسن نجفی کے خاندان کی طرف سے تقریب کے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا
۔یاد رہے کہ پاکستان کے معروف عالم دین، حوزہ علمیہ جامعۃ الکوثر کے مؤسس اور اسلامی وحدت کے داعی علامہ شیخ محسن نجفی (قُدِّسَ سِرُّہ) مورخہ 9 جنوری 2024ع کو 84 سال کی عمر میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں انتقال کر گئے تھے۔