سعودی عرب کا رمضان المبارک سے قبل پاکستان کو 100 ٹن کھجور کا تحفہ
سعودی عرب کی جانب سے رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہونے میں بس چند دن باقی ہیں اور اس حوالے سے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو کھجور کا تحفہ دیا گیا ہے۔
سعودی سفارتخانے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خیر سگالی کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب نے اپنے بھائیوں کیلئے 100 ٹن کھجور پیش کی ہے۔
یہ کھیپ سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) کے ڈائریکٹر عبداللہ البقامی کے ہمراہ اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے میں منعقدہ ایک تقریب میں حوالے کی۔
اس حوالے سے سعودی سفارتخانے کا کہنا ہےکہ اس فراخ دلی عطیے کا مقصد رمضان کے مقدس مہینے میں پاکستانی کمیونٹی میں تقسیم کرنا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے اٹھایا گیا یہ قدم دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتے کی مثال ہے جو دونوں ممالک کی طرف سے سخاوت اور یکجہتی کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔