صیہونی فوج کا نصیرت کیمپ پر حملہ، بچوں اور حاملہ خواتین سمیت 36 افراد شہید

0 168

صیہونی فوج نے غزہ کے مہاجرین کیمپ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت متعدد فلسطینی شہید ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق صیہونی فوج نے ماہ رمضان میں بھی غزہ پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں جہاں ہفتے کے روز صیہونی حکومت فوج نے مہاجرین کے نصیرت کیمپ کو نشانہ بنایا۔

غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے تصدیق کی کہ نصیرت کیمپ پر صیہونی فوج کے حملوں میں 36 فلسطینی شہید ہوگئے، صیہونی فوج نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کیمپ کو نشانہ بنایا جب کہ حملے میں شہید ہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔

حماس کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق صیہونی فوج کے تازہ حملوں میں بڑی تعداد میں عام شہری شہید ہوئے ہیں، صیہونی فوج نے نصیرت کیمپ میں ایک گھر پر حملہ کیا جس میں بچوں سمیت 36 افراد شہید ہوئے جب کہ شہدا میں حاملہ خواتین بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو نے رفح میں زمینی کارروائی کے منصوبے کی بھی منظوری دے دی ہے جس میں صیہونی فوج رفح شہر سے شہریوں کا انخلا کرے گی۔

رپورٹس کے مطابق صیہونی فوج نے نابلس شہر کے دو دیہاتوں میں چھاپے مارے جس میں دو فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں صیہونی فوج نے دعویٰ کیا ہےکہ اس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کی جانے والی کارروائیوں میں حماس کے 24 جنگجو مارے جب کہ نصیرت کیمپ پر حملے میں 15 جنگجو مارے گئے۔

صیہونی فوج کا کہنا ہےکہ خان یونس شہر کے جنوبی حصے میں حماس کے اسلحہ ڈپو کو فضائی حملے کے ذریعے تباہ کیا گیا ہے جس میں دو حماس جنگجو مارے گئے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.