پی ٹی آئی کے دور میں افغانستان کے ساتھ کبھی خراب تعلقات نہیں رہے، بیرسٹر گوہر
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور میں افغان حکومت کے ساتھ ایسے حالات کبھی پیدا نہیں ہوئے حکومت کی ناقص فارن پالیسی کے باعث ایسے حالات بن رہے ہیں۔
آج بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات میں سیاسی معاملات پر گفتگو ہوئی ہے، افغانستان کے ساتھ معاملے پر بانی پی ٹی آئی کو تحفظات ہیں افغانستان کے ساتھ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ایسے حالات کبھی پیدا نہیں ہوئے حکومت کی ناقص فارن پالیسی کے باعث ایسے حالات بن رہے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے شیر افضل مروت کو امیدوار نامزد کیا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے شیر افضل مروت کی نامزدگی کے حوالے سے خط لکھیں گے، قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل ہی اکثریتی پارٹی ہے ہم مطالبہ کریں گے ہمیں اپوزیشن دی جائے۔
امریکا میں آئی ایم ایف کے خلاف احتجاج اوورسیز پاکستانیوں نے کیا ہے ہم نے کسی کو یہاں سے احتجاج کیلئے کسی کو آرگنائز کرکے نہیں بھیجا ہم نے آئی ایم ایف کو یاد دہانی کیلئے خط لکھا تھا۔
مخصوص نشستوں پر ہمارا متفقہ موقف ہے آرٹیکل 51 کے مطابق کسی بھی سیاسی جماعت کو اس کی جیتی ہوئی نشستوں سے زیادہ نشستیں نہیں مل سکتیں، ہم سے نشستیں لے کر کسی اور پارٹی کو نشستیں دی گئیں کے پی میں تین سیاسی جماعتوں نے 17 نشستیں حاصل کیں جس پر انہیں مزید 27 نشستیں دی گئیں۔
مخصوص نشستوں پر ہمارا حق ہے ہمیں امید ہے سپریم کورٹ کوئی حل نکالے گی، پی ٹی آئی کی نمائندگی اسمبلی میں نہیں ہوگی تو ایوان مکمل نہیں ہوگا۔
قبل ازیں شیر افضل مروت نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کے خلاف القادر ٹرسٹ کیس کی سماعت جاری ہے، ساتویں گواہ کا بیان ریکارڈ کیا جارہا ہے، القادر ٹرسٹ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے جو یہ ثابت کرتا ہو سیاسی انتقام کہاں تک پہنچ گیا ہے، یہ ایک ٹرسٹ تھا جس میں میں ذاتی طور پر ٹرسٹی کا کوئی کردار نہیں۔