پولیس کے مطابق درخشاں تھانے میں زیر حراست ملزم کی ہلاکت کے کیس میں مطلوب ایس پی کلفٹن نیر الحق کی گرفتاری کیلئے ان کے گھر پر چھاپا مارا گیا لیکن گرفتاری نہ ہو سکی ملزم اب تک مفرور ہے۔ ملزم کی قیام گاہ پر نوٹس لگادیے گئے ہیں۔
خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزم نیر الحق بیرون ملک فرار ہوگیا ہے، تفتیش میں دیگر اداروں سے بھی معاونت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل درخشاں میں ملزم معیز کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا تھا جس پر ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس نے ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی۔
تحقیقاتی کمیٹی نے ایس پی کلفٹن نیر الحق کو واقعے کا مرکزی ملزم قرار دیکر ان کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت کارروائی کی سفارش کی تھی۔
ملزم پولیس افسر کا موبائل فون نمبر بند ہے جبکہ وہ اب تک ایک مرتبہ بھی تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہوا۔
ہلاک ہونے والے ملزم معیز کو بیٹے سمیت گرفتار کیا گیا تھا، بیٹے کو ایس آئی یو کے حوالے کردیا گیا تھا جبکہ معیز کو ایس پی کلفٹن نیر الحق درخشاں تھانے سے اپنے ساتھ لے گیا تھا جہاں اسے تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔