گوگل میپس میں سیٹلائیٹ کنکشن کے فیچر پر کام جاری

0 210

گوگل کی رپورٹ کے مطابق گوگل میپس میں سیٹلائیٹ کنکشن کے فیچر پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین ایسے مقامات پر بھی اس سروس کو استعمال کر سکیں جہاں موبائل یا وائی فائی نیٹ ورک سے کنکٹ کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

رپورٹ کے مطابق گوگل میپس کے بیٹا (beta) ورژن میں موجود نئے کوڈ میں اس فیچر کا حوالہ دیا گیا ہے،اس کوڈ سے عندیہ ملتا ہے کہ گوگل میپس میں صارفین کی لوکیشن کا تعین سیٹلائیٹ کنکشن کے ذریعے ہوسکے گا۔

کوڈ سے یہ بھی اشارہ ملتا ہے کہ صارفین کے پاس گوگل میپس میں ایک دن میں 5 بار سیٹلائیٹ کنکشن کے ذریعے لوکیشن اپ ڈیٹ کرنے کا آپشن ہوگا۔

یہ فیچر ایسے حالات میں جان بچانے میں مددگار ثابت ہوگا جب موبائل یا وائی فائی سگنل دستیاب نہیں ہوں گے،مگر یہ فیچر صرف ان فونز میں ہی کام کرے گا جن میں سیٹلائیٹ کنکٹویٹی کی سہولت موجود ہوگی۔

گوگل کے نئے فونز میں ممکنہ طور پر یہ آپشن موجود ہوگا مگر دیگر اینڈرائیڈ کمپنیوں میں اس حوالے سے کتنا کام کیا جا رہا ہے، یہ ابھی کہنا مشکل ہے۔

اس سے قبل مختلف رپورٹس میں خیال ظاہر کیا گیا تھا کہ گوگل کے نئے اینڈرائیڈ 15 آپریٹنگ سسٹم میں سیٹلائیٹ میسجز سپورٹ فراہم کی جائے گی۔

یہ فیچر آئی فونز میں 2022 سے دستیاب ہے مگر اینڈرائیڈفونز کے لیے اب اسے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔اینڈرائیڈ 15 میں ایمرجنسی سروسز کے ساتھ ساتھ اس فیچر کے ذریعے کسی بھی فرد کو میسج بھیجنا ممکن ہوگا۔

گوگل کی سالانہ کانفرنس 14 مئی کو شروع ہوگی جس میں ممکنہ طور پر اس حوالے سے تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.