کے پی حکومت کی پولیس اختیارات میں کمی سے متعلق قانون سازی زیر غور

0 93

صوبائی حکومت نے پولیس و بیورکریسی میں پوسٹنگ ٹرانسفر کو منتخب ممبران اسمبلی کی مرضی سے مشروط کرنے پر بھی غور شروع کر دیا ہے۔

صوبہ بھر میں پولیس افسران و اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ اراکین اسمبلی کی مشاورت سے مشروط کرنے پر غور کیا جا رہا ہے اور اس ضمن میں اراکین اسمبلی کا پولیس افسران کے ساتھ ماہانہ اجلاس منعقد کرنے پر بھی غورکیا جا رہا ہے۔

ترقیاتی فنڈز کے استعمال سمیت دیگر فیصلے بھی ماہانہ اجلاس میں کیے جائیں گے۔ اراکین اسمبلی صوبائی کابینہ سے منظوری لےکر اسمبلی سے پولیس ایکٹ میں تبدیلی کریں گے۔ پولیس ایکٹ میں تبدیلی کے ذریعے آئی جی سے پوسٹنگ ٹرانسفر کے اختیارات محدود کیے جائیں گے۔

سی سی پی او پشاور و دیگر اعلیٰ پولیس حکام نے اراکین اسمبلی سے رواں ہفتے پولیس لائنز میں ملاقات کی جس میں اراکین اسمبلی نے پولیس افسران کو ممبران اسمبلی کے احکامات کی روشنی میں فیصلےکرنےکا کہا۔

ملاقات میں ممبر قومی اسمبلی ارباب شیرعلی،آصف خان،صوبائی وزیر میناخان اور دیگر منتخب اراکین اسمبلی موجود تھے۔،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے احکامات کی روشنی میں صوبائی ممبران نے پولیس افسران کو پیغامات دیے۔

پی ٹی آئی ممبران کی سربراہی میں تمام اضلاع میں بھی محکموں کے افسران کے ساتھ ماہانہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے، اراکین اسمبلی کے کہنے پر اب تک سیکڑوں پولیس افسران و اہلکاروں کے تبادلے ہوچکے ہیں۔

اراکین اسمبلی نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کےخلاف جاری آپریشنز کی نگرانی بھی ان کی مرضی سے کرنے پر غورکیا ہے۔

ممبر قومی اسمبلی ارباب شیر علی کے مطابق سی سی پی او کے ساتھ سکیورٹی، پولیسنگ اور منشیات سے متعلق قانون سازی پر بات ہوئی، پوسٹنگ ٹرانسفر سے متعلق ہماری گفتگو ہوئی نہ ہمارا اس سےکوئی کام ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.